Sunday, December 05, 2021

Quran fehmi Aur aam insan

 

بسم اللہ الرحمن الرحیم
 
قرآن اللہ کی کتاب ہے.. یہ اس ہستی کا نازل کردہ ہے جس نے انسان کو پیدا کیا ہے. اور اس کتاب کو انسان کی ہدایت کا ذریعہ بنایا... مگر ہمارے ہاں ایک غلط فہمی عام ہے کہ قرآن خود سے نہیں پڑھاجا سکتا ورنہ گمراہی کا اندیشہ ہے.. قرآنی دلیلوں پر جانے سے پہلے ایک بات قابلِ غور ہے کہ جو کتاب اللہ نے ایک ریڑھی بان/قلچہ فروش سے لے کر ایک عالم اور سائنسدان سب کے لئےنازل کی اس کا اسلوب اتنا مشکل کیسے ہو سکتا ہے کہ اس کو اعلیٰ علم والے تو سمجھ لیں اور عام انسان اس کی افادیت سے محروم رہ جائے؟
اللہ تعالیٰ خود قرآن پاک میں فرماتے ہیں
 
اور ہم نے قرآن کو سمجھنے کے لئے آسان کر دیا تو کوئی ہے کہ سوچے سمجھے؟
 
(سورہ القمر:١٧)
 
اس سلسلے میں یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ اللہ نے قرآن کے سیکشنز نہیں بنائے کہ اتنے حصّے کے لئے تو لئے یہ حکم درست ہے مگر باقی حصے پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا.
عام مشاہدہ ہے کہ کچھ لوگ تو اس بات سے متاثر ہو کر اندھی تقلید میں لگ جاتے ہیں اور یہود و نصاریٰ کی طرح علماء کو اپنا رب بنا لیتے ہیں. اور کچھ اس جھگڑے سے بچنے کے لئے قرآن سے ہی دوری اختیار کر لیتے ہیں.
اور کتنے دکھ کا مقام ہے کہ انہی باتوں کی وجہ سے ہم میں سے 90 فیصد لوگوں نے قرآن کبھی ترجمے کے ساتھ پڑھا ہی نہیں...
اب ہم قرآن سے دیکھتے ہیں کہ اللہ تعالی اس بارے میں کیا فرماتے ہیں. قرآن کھولیں تو سورہ فاتحہ کے بعد جو پہلی آیت نظر آتی ہے وہ یہی ہے
 
یہ وہ کتاب ہے جس میں کوئی شک نہیں اور اس میں اللہ سے ڈرنے والوں کے لئے ہدایت ہے. 
 
(سورہ البقرہ:٢) 
 
پھر اللہ تعالی فرماتے ہیں. 
 
رمضان کا مہینہ وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا. جو لوگوں کے لئے ہدایت ہے. اور اس میں ہدایت کے لئے کھلی نشانیاں ہیں. اور وہ فرقان (یعنی حق اور باطل میں فرق کرنے والا) ہے. 
 
(سورہ بقرہ:١٨٥)
 
اور یہ لوگوں کے لئے بیان ہے. اور اللہ سے ڈرنے والوں کے لئے ہدایت اور نصیحت ہے. 
 
(سورہ ال عمران:١٣٨)
 
بے شک یہ قرآن وہ راستہ دکھاتا ہے. جو سب سے سیدھا ہے اور مومنوں کو جو نیک عمل کرتے ہیں بشارت دیتا ہے کہ ان کے لئے اجر عظیم ہے. 
 
(سورہ الاسراء:٩)
 
یہ قرآن تو اہل عالم کے لئے نصیحت ہے. 
 
(سورہ ص:٨٦)
اور اسطرح کی بے شمار آیات ہیں. بد قسمتی سے ہماری زبان عربی نہیں لہذا مجبورا ہمیں ترجموں سے ہی استفادہ کرنا پڑتا ہے. ترجمہ بہت مکمل نہ بھی ہو تو بھی جب انسان اللہ کا خوف رکھ کر اس کو پڑھتا ہے تو ضرور ہدایت پاتا ہے.
اللہ کے لئے قرآن کھولیں.. اگر کسی کا فکری تسلط نہیں چاہتے تو صرف ترجمہ پڑھ لیں. یقین کریں سب باطل عقائد مٹ جائیں گے... قرآن کا مقصد ہدایت اور رہنمائی ہے اللہ کی معرفت ہے حق کی پہچان ہے. آپ بہت گہرائی میں نہ بھی جاسکے تو بھی انشاء اللہ ہدایت ضرور پا جائیں گے... اللہ سے دعا ہے کہ ہماری اصلاح فرما دے اور ہمیں اپنی کتاب سے ویسے جوڑ دے جیسے اسکو پسند ہے. ہمارے گناہوں کو معاف فرما دے اور ہمیں دین پر ثابت قدمی عطا کردے.. آمین...

No comments: