Sunday, October 16, 2022

دعا


ابو امامہ  ؓ سے مروی ہے کہتے ہیں کہ ایک نوجوان نبی  ‌ﷺ ‌کے پاس آیا اور کہنے لگا: اے اللہ کے رسول! مجھے زنا کی اجازت دیجئے، لوگ اس کی طرف متوجہ ہوئے اور اسے برا بھلا کہنے لگے اور کہنے لگے: چپ ہو جاؤ۔ آپ  ‌ﷺ ‌نے فرمایا: اسے میرے قریب کر دو۔ وہ آدمی آپ ﷺ کے قریب آیا اور بیٹھ گیا۔ آپ  ‌ﷺ ‌نے فرمایا: کیا تم اپنی ماں کے لئے اسے پسند کرتے ہو؟ اس نے کہا: اللہ کی قسم! نہیں۔ اللہ تعالیٰ مجھے آپ پر قربان کرے۔ آپ  ‌ﷺ ‌نے فرمایا: لوگ بھی اپنی ماؤں کے لئے اسے پسند نہیں کرتے۔آپ ﷺ نے فرمایا: کیا تم اپنی بیٹی کے لئے اسے پسند کرتے ہو؟ اس نے کہا: نہیں واللہ! اے اللہ کے رسول! اللہ تعالیٰ مجھے آپ پر قربان کرے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: لوگ بھی اپنی بیٹیوں کے لئے اسے پسند نہیں کرتے۔ پھر فرمایا: کیا تم اپنی بہن کے لئے اسے پسند کرتے ہو؟ اس نے کہا: اللہ کی قسم! نہیں۔ اللہ تعالیٰ مجھے آپ پر قربان کرے۔آپ ﷺ نے فرمایا:لوگ بھی اپنی بہنوں کے لئے اس کام کو پسند نہیں کرتے۔ پھر فرمایا: کیا اپنی پھوپھی کے لئے اس کام کو پسند کرتے ہو؟ اس نے کہا: اللہ کی قسم! نہیں۔ اللہ تعالیٰ مجھے آپ پر قربان کرے۔ آپ ﷺ ‌نے فرمایا: لوگ بھی اپنی پھوپھیوں کے لئے اس کام کو پسند نہیں کرتے۔ کیا تم اپنی خالہ کے لئے اس کام کو پسند کرتے ہو؟ اس نے کہا: اللہ کی قسم! نہیں۔ اللہ مجھے آپ پر قربان کرے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: لوگ بھی اس کام کو اپنی  خالاؤں کے لئے پسند نہیں کرتے۔ آپ 

نے اس  کے سینے پر اپنا ہاتھ رکھا اور فرمایا

  اَللهُمَّ! اغْفِرْ ذَنْبَهُ وَطَهِّرْ قَلْبَهُ وَحَصِّنْ فَرْجَهُ 

اے اللہ اس کے گناہ بخش دے، اس کا دل  پاک کر دے اور اس کی شرمگاہ کی حفاظت فرما۔ 

اس کی بعد وہ نوجوان کسی کی 

طرف آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھتا تھا

الصحيحة رقم (370) مسند أحمد رقم (21185)

No comments: