Thursday, September 12, 2024

 

أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ


کہہ د یجئے اے میرے بندو ! جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی ہے تم اللہ کی رحمت سے ناامید نہ ہوجاؤ، بالیقین اللہ تعالیٰ سارے گناہوں کو بخش دیتا ہے، واقعی وہ بڑی، بخشش بڑی رحمت والا ہے 


 تم  اپنے پروردگار کی طرف لوٹ آؤ اور اس کی فرماں برداری کئے جاؤ اس سے قبل کہ تمہارے پاس عذاب آجائے اور پھر تمہاری مدد نہ کی جائے۔  


اور پیروی کرو اس سب سےاچھی چیز کی جو تمہاری طرف نازل کی گئی ہے۔ اس سے پہلے کہ تم پر اچانک عذاب آجائے اور تمہیں اطلاع بھی نہ ہو۔ 

 (ایسا نہ ہو کہ) کوئی شخص کہے ہائے افسوس، اس بات پر کہ میں نے اللہ تعالیٰ کے حق میں کوتاہی کی بلکہ میں تو مذاق اڑانے والوں میں رہا۔

  یا کہے کہ اگر اللہ مجھے ہدایت کرتا تو میں بھی پارسا لوگوں میں ہوتا ۔ 

یا عذاب کو دیکھ کر کہے کاش ! کہ کسی طرح میرا لوٹ جانا ہوجاتا تو میں بھی نیکوکاروں میں ہوجاتا۔ 

 ہاں (ہاں) بیشک تیرے پاس میری آیتیں پہنچ چکی تھیں جنہیں تو نے جھٹلایا اور غرور تکبر کیا اور تو تھا ہی کافروں میں ۔ 


 اور جن لوگوں نے اللہ پر جھوٹ باندھا ہے تو آپ دیکھیں گے کہ قیامت کے دن ان کے چہرے سیاہ ہوگئے ہوں گے کیا تکبر کرنے والوں کا ٹھکانا جہنم نہیں۔ ؟!

 اور جن لوگوں نے پرہیزگاری کی انہیں اللہ تعالیٰ ان کی کامیابی کے ساتھ بچا لے گا انہیں کوئی دکھ چھو بھی نہ سکے گا اور نہ وہ کسی طرح غمگین ہو نگے ۔ 

 اللہ ہر چیز کا پیدا کرنے والا ہے اور وہی ہر چیز پر نگہبان ہے۔ 

آسمانوں اور زمین کی کنجیوں کا مالک وہی ہے۔ جن میں لوگوں نے اللہ کی آیتوں کا انکار کیا وہی خسارہ پانے والے ہیں ۔

 آپ کہہ دیجئے اے جاہلو ! کیا تم مجھ سے اللہ کے سوا اوروں کی عبادت کو کہتے ہو ۔ 

 یقیناً تیری طرف بھی اور تجھ سے پہلے (کے تمام نبیوں) کی طرف بھی وحی کی گئی ہے کہ اگر تو نے شرک کیا تو بلاشبہ تیرا عمل ضائع ہوجائے گا اور بالیقین تو زیاں کاروں میں سے ہوجائے گا 

 بلکہ اللہ ہی کی عبادت کر اور شکر کرنے والوں میں سے ہوجا۔ 

 اور ان لوگوں نے جیسی قدر اللہ تعالیٰ کی کرنی چاہیے تھی نہیں کی ساری زمین قیامت کے دن اس کی مٹھی میں ہوگی اور تمام آسمان اس کے داہنے ہاتھ میں لپیٹے ہوئے ہوں گے وہ پاک اور برتر ہے ہر اس چیز سے جسے لوگ اس کا شریک بنائیں۔ 


 اور صور پھونک دیا جائے گا پس آسمانوں اور زمین والے سب بےہوش ہو کر گرپڑیں گے مگر جسے اللہ چاہے پھر دوبارہ صور پھونکا جائے گا پس وہ ایک دم کھڑے ہو کر دیکھنے لگ جائیں گے 


(سورہ الزمر:,68-53) 

Friday, September 06, 2024

کاہن شیطان کا ساتھی ہے۔

 رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:


 "جو شخص کسی کاہن کے پاس جا کر اس سے کسی گم شدہ چیز کے بارے میں دریافت کرے تو اس شخص کی چالیس روز تک نماز قبول نہیں ہوتی۔‘‘ 


   (مشکوۃ المصابیح:4595) 


رسول اللہ  ﷺ  نے فرمایا:


  جو کسی کاہن کے پاس آئے پھر جو وہ کہے اس کی تصدیق کرے، یا حائضہ عورت کے پاس آئے یا اپنی عورت کے پاس اس کے دُبر میں آئے تو وہ ان چیزوں سے بری ہوگیا جو محمد  ﷺ  پر نازل کی گئیں ہیں ۔  


(ابو داؤد:3904) 


 

Thursday, September 05, 2024

أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ


وَلَـقَدۡ اُوۡحِىَ اِلَيۡكَ وَاِلَى الَّذِيۡنَ مِنۡ قَبۡلِكَ‌ۚ لَئِنۡ اَشۡرَكۡتَ لَيَحۡبَطَنَّ عَمَلُكَ وَلَتَكُوۡنَنَّ مِنَ الۡخٰسِرِيۡنَ‏ 


(سورہ الزمر:65) 


اور بے شک ہم نے تیری طرف اور  جو تم سے قبل گزرے ہیں ان کی طرف وحی کی کہ اگر تم نے شرک کیا تو تمہارے تمام اعمال ضائع ہو جائیں گے اور تم خسارہ اٹھانے والوں میں سے ہو جاؤ گے۔ 

 

 اگر قیامت کے دن رشتے داریاں کام آتیں تو نوح و لوط علیہ السلام کی بیویاں

 آسیہ کے شوہر فرعون ، حضرت نوح علیہ السلام کے بیٹے  ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کے والد ، نبی کریم ﷺ کے والدین  اور مشرک چچاؤں کو قرآن میں جہنم کی بشارت ہر گز نہ ملتی۔ 

عمل کیجئے اس سے پہلے کہ وہ دن آئے جس دن صرف شرک و ریا سے پاک خالص عمل قبول کئے جائیں گے ۔ جس دن دنیا کی ساری دولت بھی آپ کو اللہ کے عذاب سے نہیں بچا سکتی جس دن کی تجارت نیکی اور بدی کی صورت میں ہو گی۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ اس دن کے خسارے سے مومنین  کی حفاظت فرمائے۔ آمین